Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپر کبڈی لیگ: گجرات واریئرز نے سہرا سجا لیا


لاہور: پاکستان سپر کبڈی لیگ کے فائنل میں گجرات واریئرز نے فیصل آباد شیردلز کو 26 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے ہرا کر پہلے ایڈیشن کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ نشتر اسپورٹس کمپلیکس لاہور کے جمنازیم میں منعقدہ اس خوبصورت ایونٹ کے فائنل میں پول اے سے گجرات وارئیرز اور پول بی سے فیصل آباد شیردلز کی ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کر سکیں۔ الگ الگ پولز میں ہونے کی وجہ سے فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا نہیں ہوا تھا۔فائنل کے آغاز میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اچھا مقابلہ کیا ، پہلے ہاف میں مقابلہ بہت سخت رہا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وقفے تک گجرات واریئرز کو صرف ایک پوائنٹ کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں تحسین اللہ نے4 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے گجرات کی برتری میں اضافہ کیا جس کے بعد کھلاڑیوں نے فیصل آباد پر دباو بڑھا دیا۔ایک جانب تو ریڈرز نے تیزی سے پوائنٹس حاصل کیے تو دوسری جانب دفاعی کھلاڑیوں نے حریف ریڈرز کے لیے پوائنٹس کا حصول مشکل بنایا۔گجرات واریئرز نے مقابلہ-38 26 کے فرق سے جیت لیا۔ گجرات کے تحسین اللہ کو عمدہ کھیل پیش کرنے پر فائنل مقابلے کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔فیصل آباد شیر دلز کے کپتان ناصر علی نے ایونٹ میں 68 پوائنٹس اسکور کیے اورپوری لیگ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا ، انہیں ٹرافی کے ساتھ موٹر سائیکل کا انعام بھی دیا گیا۔فاتح گجرات واریئرز میں شامل ایرانی کھلاڑی بابا علی نے شاندار کھیل پیش کیا ۔ وہ سیمی فائنل، کوارٹر فائنل سمیت 3 میچزکے بہترین کھلاڑی رہے جبکہ شائقین نے بابا علی کے نعرے لگاتے ہوئے انہیں بھرپور سپورٹ کیا۔فاتح ٹیم گجرات واریئرز کو 10 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم فیصل آباد شیردلز کو 5 لاکھ روپے کا انعام دیاگیا۔پاکستان سپر کبڈی لیگ کے چیئرمین حیدر علی داؤد نے اس موقع پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس روایتی کھیل کی لیگ کا کامیاب انعقا د ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان پرامن ملک ہے۔

شیئر: