Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان

محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں ایک نیا مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو رہا ہے جس کے زیرِ اثر چھ اور سات اکتوبر کے دوران بارشوں، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے تیز ہواؤں اور بارش کے باعث متوقع اثرات کے پیش نظر ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید آندھی، جھکڑ، گرج چمک اور ژالہ باری کے باعث روزمرہ معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔ 
اس کے علاوہ کمزور ڈھانچوں، کچے مکانات کی دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
تمام متعلقہ اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
محکمۂ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ 
خیبر پختونخوا کے ضلع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، کرم، ہنگو، لکی مروات، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔ 
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی وادیِ نیلم، مظفر آباد، راولا کوٹ، پونچھ، حویلی، باغ، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور کے علاوہ گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔ 
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 
آنے والے چند روز کے دوران صوبہ سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

شیئر: