اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کے تین روزہ دورے پر پہنچ گئے ہیں۔
منگل کی صبح وزارت خارجہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ اسلام آباد پہنچنے پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر نے ان کا استقبال کیا۔
سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
اپنے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر سمیت پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انڈیا اور پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے عسکری مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے۔
انتونیو گوتریس دیگر مصروفیات میں بھی شرکت کریں گے جن میں کثیرجہتی نظام کی مضبوطی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں سمیت آفات سے نمٹنے کی تیاری اور پیشگی انتباہ کے شعبوں میں پاکستان کی پیش رفت کو اجاگر کیا جائے گا۔