سٹریٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس، پاکستان کا سعودی عرب سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس پیر کو ریاض میں منعقد ہوا (فوٹو: وزارت خارجہ)
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم ہونے والی سٹریٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی۔
وزارت خارجہ کی جانب سے پیر کو ایکس پر کی گئی پوسٹ کے مطابق ریاض میں ہونے والے اس اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نعمان محمود (ہلال امتیاز، ملٹری) کو مکہ دفاعی اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوشش اور سعودی عرب کے خلاف مسلسل حملوں کی مذمت بھی کی گئی۔
اس موقع پر تینوں ممالک نے خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان نے ایک بار پھر سعودی عرب کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
پاکستان نے خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔