Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھجور سیزن کے ذریعے العلا کے کاشتکاروں کی عالمی مارکیٹ تک رسائی

العلا میں 16 ہزار 484 ہیکٹر رقبے پر 42 لاکھ کھجور کے درخت موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
العلا کے کاشتکار ’العلا کھجور سیزن‘ کے ذریعے اپنی پیداوار فروخت کر رہے ہیں۔ یہ سیزن نہ صرف انہیں اپنی پیداوار کی تشہیر اور فروخت کے مواقع فراہم کرتا ہے بلکہ خطے میں نسل در نسل کھجور کی کاشت کے زرعی ورثے کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق العلا کمشنری مملکت میں کھجوروں کی کاشت اور پیداوار کے اہم مراکز میں شامل ہے جہاں 16 ہزار 484 ہیکٹر رقبے پر 42 لاکھ سے زائد کھجور کے درخت موجود ہیں۔
 العلا رائل کمیشن کے زرعی یونٹ کے اعداد و شمار کے مطابق علاقے میں سالانہ بنیادوں پر ایک لاکھ 30 ہزار ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے۔
العلا میں کاشت ہونے والی کھجور کی معروف اقسام میں برنی نمایاں ہے جس کی تین اقسام ہیں جن میں ’برنی مبروم، برنی مشروک اور برنی عام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ علاقے کے مختلف نخلستانوں میں کھجور کی دوسری اقسام بھی کاشت کی جاتی ہیں۔
یہ سیزن علاقے کے صدیوں پرانے زرعی ورثے اور کھجور کے درختوں سے جڑی روایت کو آگے بڑھانے کے ساتھ سعودی کھجوروں کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے امکانات کو بڑھانے کا بھی اہم ذریعہ ہے۔

العلا کھجور سیزن رائل کمیشن برائے العلا کی ان کاوشوں کا حصہ ہے جس کا مقصد کاشتکاروں کو بہتر مواقع فراہم کرنا، زرعی پیداوار سے وابستہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور مارکیٹنگ کے ذرائع کو وسعت دینا ہے۔
کھجوروں کی نیلامی میں مختلف ممالک سے تاجر اور خریدار شریک ہوتے ہیں جس سے کاشتکاروں کو براہ راست خریداروں تک رسائی حاصل ہوتی ہے اور ان کی پیداوار کے لیے مقامی و عالمی منڈیوں کے دروازے کھلتے ہیں۔
رائل کمیش برائے العلا، نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کے اشتراک سے العلا کی کھجوروں کو عالمی مارکیٹوں تک پہنچانے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد سعودی کھجوروں کی صنعت میں ہونے والی مسلسل ترقی اور بین الاقوامی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی طلب سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔

ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب مسلسل چوتھے سال دنیا میں کھجوروں کی برآمدی مالیت کے لحاظ سے پہلے نمبر پر رہا۔
نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کے مطابق سال 2025 میں سعودی کھجوروں کی برآمدات کی مالیت ایک ارب 938 ملین ریال تک پہنچ گئی جبکہ سعودی کھجوریں دنیا کے 125 سے زیادہ ممالک کی منڈیوں تک پہنچ چکی ہیں۔

مملکت میں کھجور کی سالانہ پیداوار 19 لاکھ ٹن سے تجاوز کر گئی ہے اور کھجور کے درختوں کی تعداد تین کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ہے۔
العلا کی زرعی پیداوار محض کھجوروں تک ہی محدود نہیں بلکہ ’خیرات العلا‘ عنوان کے تحت سال بھر محتلف زرعی سیزن منعقد کیے جاتے ہیں جن میں موسمِ گرما کے پھل اور شہد فیسٹیول کا انعقاد شامل ہے۔

 

شیئر: