کراچی کے لئے عمران خان کے 10نکات
کراچی...تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کراچی سے انتخاب لڑنے اور کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے 10نکات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں انتخابات جیتنے کی صورت میں ہر صورت10 نکات پرعملدرآمد کرائیںگے۔کراچی کے الہ دین پارک سے متصل گراونڈ میں جلسے سے خطاب کرتے انہوںنے نواز شریف کے غیرملکی اخبار پر چھپنے والے انٹرویومیں 2008میں ممبئی حملے سے متعلق بیان پر انہیں میر جعفر اور میر صادق قراردیا۔انہوں نے کہا نواز شریف اپنے ذاتی مفادات کیلئے اپنی فوج کو بدنام کروارہا ہے۔ نوازشریف نریندر مودی کی زبان بول رہا ہے۔ اگر کوئی پاکستانی ممبئی حملے میں ملوث تھا بھی تو نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں اس کی تحقیقات کیوں نہیں کر ائیں اور اس وقت ذکر کیوں نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں پاکستانی فوج کے خلاف سازش ہورہی ہے۔ اس صورتحال میں نواز شریف غیر ملکی سازشوں کا حصہ دار بن رہاہے۔ اگر فوج نے ماضی میں برابھی کیا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس کے خلاف باہر کی سازشوں کے ساتھ مل جایاجائے۔عمران خان نے10 نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو عظیم شہر بنادوں گا۔کراچی وہ شہر تھا جہاں کسی بھی مسئلے کے لئے سب لوگ کھڑے ہوجاتے ہیں۔ کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے۔ یہ فنا نشل کیپٹل بھی ہے۔ کراچی اوپر جاتا ہے تو پاکستان اوپر جاتا ہے۔کراچی میںپانی کا مسئلہ حل کریں گے۔ یہاں پانی کے حوالے سے منصوبہ بندی نہیں کی گئی ۔ واٹر مافیا بیٹھا ہوا ہے جن کی پشت پر لیڈر شپ ہے۔ کراچی سمیت تمام شہروں میں میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے۔ ایسے شخص کو آگے لائیں گے جسے انتظام چلانے کا بڑا تجربہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کا برا حال ہے۔ غریب لوگ بھی اپنے بچے پرائیویٹ اسکولوں میں بھیجنے پر مجبور ہیں۔یہاں اسکولوں کا نظام ٹھیک کریں گے۔کراچی کے سرکاری اسپتالوں کو ماڈل اسپتال بنائیں گے ۔کراچی میں پولیس کا نظام بہت خراب ہے۔ الیکشن جیت کر پولیس کا سسٹم بہتر کریں گے۔ شہر کو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔کراچی کے تاجروں کی بھرپور مدد کریں گے۔بیرون ممالک سے یہاں سرمایہ کاری اور کاروبار لے کر آئیں گے ۔بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے۔کراچی کو سستی بجلی دلائیں گے۔بجلی کی چوری کا خاتمہ کریں گے۔ کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لئے یہاں گراونڈ بنانے کے ساتھ ساتھ پارکس بھی بنائیں گے۔ہم نے کے پی کے میں ایک ارب درخت لگائے ہیں۔کراچی سمیت ملک بھر میں درخت لگائیں گے۔سیوریج کا پانی سمندر میں چھوڑا جارہا ہے۔ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے تاکہ پانی ری سائیکل ہوسکے۔کراچی میں ٹرانسپورٹ کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ یہاں سرکلر ریلوے بحال کریں گے تاکہ یہ مسئلہ حل ہوسکے۔ نوجوانوں کو روزگار کی بحالی کے لئے اقدامات کریں گے۔ انہیں سستے قرضے دیں گے اور نوکریاں پیدا کریں گے۔ نچلے طبقے کو روزگار دینے کے لئے جامع پالیسی بنائیں گے۔انہو ںنے کہا کہ جیسے ہی نیب سندھ یا پنجاب میں کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالتا ہے۔ زرداری اور شریف خاندان شور مچانے لگتے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے۔ الیکشن جیت کر سب سے پہلے کرپشن کے خلاف جنگ کریں گے۔ ملک سے باہر لے جایا گیا پیسہ واپس لائیں گے۔ پاکستانیوں نے صرف دبئی میں 800 ارب روپے کی جائیدادیں خریدی ہیں۔ کیا یہ باتیں نواز شریف، زرداری اور اسحاق ڈار کو نہیں معلوم تھیں؟ جو خود منی لانڈرنگ کریں وہ کیسے دوسروں کو پکڑ سکتے ہیں۔