Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گدھے اور گھوڑے اکٹھا نہ ہانکیں ،شہباز شریف

شیخوپورہ ...وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے عدلیہ ، جرنیلوں اور تمام پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں کرپشن ہوئی ہے، ا نہیں گلے سے دبائیں۔انصاف وہی ہے جہاں اچھے اور برے کے درمیان فرق ہو۔ اگر گدھے اور گھوڑے اکٹھا ہانکیں گے تو اچھا کام کوئی بھی نہیں کرے گا ۔ شیخوپورہ میں بھکھی پاور پلانٹ سے 1180میگاواٹ بجلی کی نیشنل گرڈ کو فراہمی کے افتتاح پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ یہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے کہ بھکھی پاور پلانٹ ایک ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا اور اپنی مکمل پیداوار صلاحیت کے ساتھ آج نیشنل گرڈ کو 1180میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے۔ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک عظیم دن ہے کہ پنجاب حکومت کے اپنے سرمایہ سے بھکھی پاور پلانٹ تکمیل کو پہنچا ہے۔ اگر ابتدائی دنوں میں دھرنے والے والے مشکلات پیدا نہ کرتے تو یہ منصوبے کئی ماہ پہلے پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہوتے۔ آج مسلم لیگ ن کی حکومت کے لگائے گئے منصوبوں سے 10 ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم ہو رہی ہے۔ سحری افطار اور نماز تراویح کے وقت پاکستانیوں کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت کے دور کے مختلف منصوبوں کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ تمام منصوبے شفافیت کی اعلی مثال ہیں۔ر کوئی بھی ان منصوبوں کی شفافیت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ انہوں نے سابق دور حکومت کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گدو پاور پلانٹ میں ایک میگا واٹ بجلی کی قیمت 8لاکھ 36ہزار ڈالر ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے یہ منصوبے 4 لاکھ 66ہزار ڈالر یعنی آدھی قیمت میں لگائے۔ قومی خزانے کو اربوں ڈالر کا فائدہ ہوا ۔ ان منصوبوں کی اصل بچت یہ ہے کہ صارف کو بھی بجلی سستے داموں فراہم ہو رہی ہے۔ انہوں نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ5سالوں میں خیبر پختونخوامیں بجلی کی ریل پیل کا دعوی کرنے والے نے صرف 80میگا واٹ کا منصوبہ لگایا۔ ان میں 74میگاواٹ کا پی ٹی آئی حکومت سے پہلی حکومت کا منصوبہ تھا اگر وہ 74میگاواٹ نکال دیں تو عمران خان کی حکومت نے پانچ سالوں میں صرف 6میگا واٹ کا منصوبہ لگایا ۔ اس کے برعکس پنجاب حکومت نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کا ری کی اور بجلی پیدا کرکے پو رے ملک کو مہیا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سند ھ حکومت نے بھی سو میگا واٹ کا منصوبہ لگایا مگر پید اوارصرف پانچ یا چھ میگا واٹ کر سکے۔
مزید پڑھیں:تحریک انصاف کے جہاز کو ڈبونا ہے ،شہباز شریف

شیئر: