سعودی عرب نے نیا امدادی قافلہ غزہ بھیج دیا، مزید گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم
امداد کی تقسیم میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں ترجیح دی جا رہی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے منگل کو فلسطینی عوام کی مدد کے لیے مہم کے ایک حصے کے طور پر انسانی امداد کا ایک نیا قافلہ غزہ بھیجا ہے جس میں بڑی تعداد میں خیمے شامل ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے نے یہ امداد وصول کی۔
سینٹر کی فیلڈ ٹیمیں ایک منظم میکانزم کے تحت امداد کے تقسیم کے عمل کی نگرانی کرتی ہیں، اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ انتہائی ضرورت مند خاندانوں ترجیح دی جائے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز کے سینٹرل کچن نے وسطی اور جنوبی غزہ میں انتہائی کمزور طبقات میں 24 ہزار 500 گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے ہیں۔
یہ امداد سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے جاری انسانی ہمدردی اور امدادی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد مثاثرہ خاندانوں کی بنیادی ضروریات کو پوری کرنا اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔

یاد رہے 2023 میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سعودی عرب نے امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فضائی اور بحری امدادی پل قائم کیے۔ طیاروں اور بحری جہازوں کے ذریعے ہزاروں ٹن سے زیادہ امداد فراہم کی گئی۔
اس میں خوراک، طبی سامان، آلات اور شیلٹر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو 20 ایمبولینسں فراہم کی گئی ہیں۔
