اعضا کے عطیے نے چار بچوں سمیت 14 افراد کی زندگی بچا لی
اعضا حاصل کرنے کے چار پروسیجر کامیابی سے مکمل کیے گئے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی سینٹر فار آرگن ٹرانسپلانٹیشن کی کاوشوں سے چار بچوں سمیت 14 افراد کو زندگی کی نئی امید ملی ہے، حال ہی میں دماغی طور پر مردہ ڈونرز سے اعضا حاصل کرنے کے چار پروسیجر کامیابی سے مکمل کیے گئے۔
یہ کام مملکت کے کئی طبی اداروں کے تعاون سے مکمل کیا گیا، جن میں ظہران میں جانز ہاپکنز آرامکو ہسپتال، ریاض میں امام عبدالرحمن الفیصل ہسپتال، رفحا سینٹرل ہسپتال اور جدہ میں کنگ عبدالعزیز ہسپتال شامل ہیں۔
اس پروسیجر میں دل اور جگر کے تین، تین، پھیپھڑوں کے دو اور گردوں کے پانچ ٹرانسپلانٹس شامل تھے۔
ایس پی اے کے مطابق ایک مریض کے بیک وقت گردے اور لبلبے کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔
سعودی سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طلال القوفی نے کہا کہ ’عطیہ کیے گئے اعضا کی تقسیم طبی اخلاقیات کے مطابق اور مریضوں کی طبی ترجیحات کی بنیاد پر کی گئی۔‘
انہوں نے اس کامیابی کو مختلف اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے فضائی طبی انخلا کے شعبے اور اس میں شامل دیگر تمام طبی ٹیموں کی کوششوں کو بھی سراہا۔
طلال القوفی نے ڈونرز کے اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ انہیں اس کا بہترین کا اجر ملے۔
