اوڈیشہ: اگنی 5کا کامیاب تجربہ
نئی دہلی۔۔۔۔ہندوستان نے انٹر بلاسٹک میزائل اگنی 5کا کامیاب تجربہ اوڈیشہ میں قائم عبدالکلام جزیرہ کے انٹیگریٹیڈ ٹیسٹ رینج (آئی ٹی آر ) سے کیا۔یہ جزیرہ اوڈیشہ کے بالاسور ضلع میں واقع ہے۔اسے وہیلر آئی لینڈ بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں سے چھٹی مرتبہ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔اگنی بلاسٹک میزائل کا تجربہ لانچنگ پیڈ نمبر 4سے صبح 9بجکر 48منٹ پر کیا گیا۔واضح ہو کہ 18جنوری 2018ء کو اگنی 5میزائلوں کو ڈی آر ڈی او نے اپ گریڈ کیا ہے۔ اس سیریز کے میزائلوں کو چین اور پاکستان کو دھیان میں رکھ کر زمین سے زمین پر مار کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی اونچائی تقریباً17میٹر ، قطر 2میٹر اور وزن 50ٹن ہے۔ یہ میزائل ڈیڑھ ٹن تک ایٹمی مواد ہدف تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ آواز کی رفتار سے 24گنازیادہ تیز ہے۔اس تجربہ کے بعد ہند 5ہزار سے55ہزارکلومیٹر کے فاصلے تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائلوں سے لیس ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائیگا۔