اصغر خان کیس،نواز شریف پیش نہیں ہوئے
اسلام آباد... اصغر خان کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوئے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے 2 جون کو اصغر خان عملدر آمد کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، آئی ایس آئی کے سابق ڈائریکٹر جنرل اسد درانی، سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی، عابدہ حسین سمیت 21 افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کئے تھے۔کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے اٹارنی جنرل کو کہا کہ اس کیس سے متعلق تمام افراد کو ہر حال پیش ہونا پڑے گا ۔ نواز شریف جہاں کہیں بھی ہیں ایک گھنٹے کے اندر عدالت پہنچیں۔بعد ازاں کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف آگئے ؟اٹارنی جنرل نے بتایا کہ نوازشریف اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہوں گے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف خود نہیں آنا چاہتے تو وکیل بھیج دیں۔ عدالت نے نواز شریف کو وکیل کرنے کے لئے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 12 جون تک ملتوی کردی۔