Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان گرفتار، پی ٹی آئی کی مذمت

پی ٹی آئی نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے (فوٹو: ایکسپریس ٹریبیون)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ان کی گرفتاری کے احکامات ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز نے مختلف انٹیلی جنس رپورٹس کے تحت جاری کیے تھے جن میں یہ کہا گیا تھا کہ علیمہ خان ’عوام کی سلامتی اور امنِ عامہ کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔‘
پولیس نے علیمہ خان کو مبینہ طور پر اُن کی رہائش گاہ سے حراست میں لے کر ایک ماہ کے لیے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اُن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو دارالحکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور پارٹی قیادت کا خیال ہے کہ اس مارچ میں ملک بھر سے لاکھوں حامی جمع ہوں گے۔
پارٹی قیادت کے مطابق مارچ کا مقصد سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے حکومت پر ڈباؤ ڈالنا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے چیف کمشنر اور پولیس چیف نے سنیچر کو دارالحکومت کے اہم داخلی راستوں پر سکیورٹی اور امن و امان کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق حکام نے شہر کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا تاکہ پولیس کی تعیناتی، ٹریفک کے انتظامات اور کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔

شیئر: