زائرین کو چوبیس گھنٹے خدمات کی فراہمی کے لیے ’گیسٹ کیئر سینٹر‘
اتوار 20 ستمبر 2026 21:15
زائرین کی گمشدہ اشیا کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے مختلف مقامات موجود ’گیسٹ کیئر سینٹر‘ 24 گھنٹے کی بنیاد پر کام کرتے ہیں۔
ادارے کی جانب سے زائرین کی بہتر رہنمائی اور خدمت کے لیے قائم یہ سینٹر جامع نظام کے تحت کام کرتے ہیں اس کا مقصد زائرین کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ’گیسٹ کیئر سینٹر‘ کے تحت زائرین حرمین کو مختلف نوعیت کی سروسز فراہم کی جاتی ہیں۔ ان میں مقامی رہنمائی اور آگاہی کی فراہمی شامل ہے۔ زائرین کو اپنی مطلوبہ منزل تک پہنچنے اور مناسک کی ادائیگی سے متعلق معلومات کے حصول میں مدد ملتی ہے۔
ان سینٹرز میں مختلف زبانوں کے ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں جو زائرین کو ان کی اپنی زبان میں اہم معلومات اور آگاہی فراہم کرتے ہیں۔
زائرین کی گمشدہ اشیا کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان مراکز میں زائرین اپنی گمشدہ اشیا کے بارے میں بروقت اطلاع دے سکتے ہیں۔ رپورٹ درج ہونے کے بعد اہلکار ان اشیا کی تلاش میں زائرین کی بھرپور مدد کرتے ہیں۔
اسی طرح راستہ بھٹک جانے والوں کی رہنمائی کے علاوہ زائرین کے ہمراہ آنے والوں بچوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔

زائرین کی سہولت کے لیے ادارے کی جانب سے ان سینٹرز تک رسائی کو بھی آسان بنا دیا ہے۔ کیوآر کوڈ کے ذریعے اپنے قریب ترین سینٹر کی نشاندہی کرکے وہاں باسانی پہنچ سکتے ہیں۔
جامع مربوط نظام کے تحت ’گیسٹ کیئر سینٹر‘ کی تعداد 21 ہے جن میں سے دو مرکزی سینٹر حرمین شریفین کے اندر مختلف مقامات پر قائم ہیں جبکہ 19 دیگر ذیلی سینٹر بھی ہیں جن کا رابطہ مرکزی کنٹرول روم سے رہتا ہے۔
