Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قلات کے قریب سکیورٹی فورسز کی کارروائی، پانچ عسکریت پسند ہلاک، 23 مغوی بازیاب

فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بھی بازیاب کرا لیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ 18 اور 19 ستمبر 2026 کی درمیانی شب دہشت گردوں نے بلوچستان کے شہر قلات کے قریب پاکستان ہائی وے (چمن-کراچی، این-25) پر شہریوں کو اغوا کرنے کے علاوہ بھتہ خوری اور ان سے گاڑیاں چھیننے کے لیے ناکہ بندی کی جسے فوج نے ناکام بنا دیا۔
فون کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مسلح افواج کی مؤثر کارروائی میں فتنۃ الہندوستان کے پانچ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔‘
بیان کے مطابق ’فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بھی بازیاب کرا لیا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے چھ ٹرک، تین بسیں اور دو گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔‘
’سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی اور اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت و سلامتی یقینی بنانے کے لیے گردونواح کے علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز اور پورے عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں متحرک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

شیئر: