Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان،ہند تاریخی ٹیسٹ: افغانستان کو اننگز اور 262رنز کی عبرتناک شکست

 
بنگلور: افغانستان کے ساتھ ہند کے پہلے اور تاریخی ٹیسٹ میچ میں ہند نے کسی مہمان نوازی کا لحاظ کئے بغیر افغانستان کو ایک اننگز اور 262رنز سے عبرتناک شکست دیتے ہوئے افغانستان کے ٹیسٹ کرکٹ میں داخلے پر سوالیہ نشان لگا دیا۔چنا سوامی اسٹیڈیم بنگلورمیں کھیلا جانیوالے ٹیسٹ دوسرے دن کے اختتام سے قبل ہی اپنے انجام کو پہنچ گیاجبکہ پہلا دن بارش سے متاثر ہوا ۔ٹاس جیت کر ہندوستان نے  اوپنرز کی سنچریوں کی مدد سے 474رنز کا بڑا پہاڑکھڑا کر دیا جو ٹیسٹ کرکٹ میں نومولود اور ڈبیو کرنے والی افغانستان جیسی ٹیم کیلئے ڈراونا خواب بن گیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستانی ٹیم نے 6وکٹوں پر347بنالئے ۔ اوپنر شیکھر دھون اور مرلی وجے سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے اور دونوں نے ٹیم کو168رنز کی شراکت فراہم کی۔ کھیل کے ابتدائی سیشنز میں ہندوستانی بیٹسمین حاوی رہے اور افغان بولر مشکلات کا شکار رہے تاہم پہلے دن کے آخری سیشن میںافغان بولرز نے اچھی کارکردگی دکھائی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔شیکھر دھون نے96گیندوں پر3چھکوں اور 19چوکوں کی مدد سے 107 رنز بنائے جس کے باعث انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ مرلی وجے نے 153گیندوں پرایک چھکے اور 15چوکوں کی مدد سے 105رنز بنائے ۔ لوکیش راہول 54اور چتیشواڑ پجارا35رنز پر آوٹ ہو ئے تو ان کے بعد آنے والے کپتان اجنکیا رہانے اور دنیش کارتھک با لترتیب10اور4رنز بنا سکے۔دوسرے دن کے شروع میں ہردک پانڈیا نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10چوکوں کی مددسے 71رنز کی اننگز کھیلی۔ جڈیجہ نے 20رنز بنائے اور یادیو 26رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ہندوستان کی پوری ٹیم 474رنز بنا کرآوٹ ہوئی، افغان بولر یامین احمد زئی نے3جبکہ راشد خان اور وفادار نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم بڑے اسکور کا وزن برداشت نہ کر سکی اور 109رنز بنا کر فالو آن پر مجبور ہوگئی۔جس میں اوپنر محمد شہزاد کے 14رنزاور محمد نبی کے 24رنز کے علاوہ کوئی بیٹسمین زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔5کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ہندوستان کی جانب سے ایشون نے 4جبکہ شرما اور جڈیجہ نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسری اننگز کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں رہا اور پوری ٹیم 103رنز پرہی سکڑ گئی۔حشمت اللہ شہیدی کے 36رنز ناٹ آوٹ اور کپتان اصغر ستنکزئی کے 25رنزکے علاوہ کوئی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔جڈیجہ نے 4اور یادیو نے 3وکٹیں حاصل کیں۔شرما نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 

شیئر: