Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شرافت سے چلو تو بہتر ہے‘ چیف جسٹس کا شعیب شیخ کو انتباہ

کراچی --  - -عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سفارش کرانے پر ایگزیکٹ کمپنی اور بول ٹی وی کے مالک شعیب شیخ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تم کس کس سے اپنے لیے سفارشیں کرا رہے ہو، میں تمہیں چھوڑوں گا نہیں۔ خبردار اگر آئندہ کوئی سفارش کرائی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے معلوم ہے تمہارے لیے کون کون سفارشیں کررہا ہے، شرافت سے چلو گے تو بہتر ہے۔ تم اتنے طاقت ور نہیں کہ عدالت کو ڈکٹیٹ کراؤ۔ سن لو کہ دم درود کام نہیں آئے گا۔چیف جسٹس نے نجی ٹی وی چینل کے ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق بول چینل کے وکیل شہاب سرکی سے استفسار کیا کہ 10 کروڑ جمع کرائے جس پر شہاب سرکی نے جواب دیا کہ ہم نے گھر کے دستاویزات جمع کرا دیے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمیں گھر کے کاغذات نہیں، بینک اکاؤنٹ میں رقم چاہیے، 10 کروڑ جمع کراؤپھر کیس سنیں گے۔دوران سماعت نجی ٹی وی کے وکیل نے کہا کہ رقم دینے پر تیار ہیں تاہم تین ہفتوں کی مہلت دی جائے جس پر چیف جسٹس نے 2 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ رقم جمع نہ کرائی گئی تو شعیب شیخ پر توہین عدالت کا کیس چلائیں گے۔ ساتھ ہی چیف جسٹس نے شعیب شیخ کو عدالتی حکم کے بغیر ملک چھوڑنے سے بھی روک دیا۔
مزید پڑھیں:- - - -الطاف حسین کے بغیر انتخابات، بڑی تبدیلی ممکن ہے؟

شیئر: