Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حمزہ شہباز کے بوٹ پالش نہیں کرسکتا،زعیم قادری

لاہور...ن لیگ کے ناراض رہنما اور سابق وزیر ز عیم قادری کو منانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ ا ین اے 133 لاہورسے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ اہلیہ بھی خواتین کی مخصوص نشست پر امیدوار نہیں ہوگی ۔سابق وزیر ریلوے اور ن لیگ رہنما سعد رفیق نے زعیم قادری سے ملاقات کی اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تاہم تحفظات دور نہ ہو سکے۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ۔کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا۔ حمزہ شہباز کے بوٹ پالش نہیں کرسکتا ۔10سال میں نے برداشت کیا اور ایک لفظ نہیں بولا۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہبازسن لو۔ لاہور آپ کی اور آپ کے باپ کی جاگیر نہیں ہے۔ میں تمہیں سیاست کرکے دکھاوں گا۔کسی کی نوکر ی نہیں کروں گا ۔نوکری کروں گا تو کارکنوں کی کروں گا ۔ مالیشیانہیں کہ تمہاری نوکری کروں ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حمزہ شہباز کا مقابلہ کروں گا۔ میرا الیکشن حمزہ شہباز کے خلاف ہے ۔آج سے جنگ اور الیکشن ایک ساتھ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ادنی کارکن کی حیثیت سے سیاست کا آغاز کیا ۔ 12 اکتوبر 1999 میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ میرے خون میں مسلم تھی ،ہے اور رہے گی۔ جو لوگ آج عہدوں پر بیٹھے ہیں ہمیں بے وقوف کہتے تھے اور کہتے تھے کہ کس دیوار سے ٹکر مار رہے ہو۔ 2002 کے الیکشن میں کلثوم نواز اور نواز شریف کا کورنگ امیدوار تھا، لیکن میری جگہ کچھ اور لوگوں کو آگے کردیا گیا، لیکن میں نے ایک لفظ نہیں کہا۔زعیم قادری نے کہا کہ مجھے شہباز شریف نے 2008 کے اوائل میں فون کرکے کہا کہ سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑ دو۔ میں نے حکم کی تعمیل کی، ناپسند ہونے کی وجہ سے میری خدمت اور قربانی کو فراموش کرکے تبدیل کردیا گیا اور عہدوں سے ہٹادیا گیا۔ میں نے بہت کچھ برداشت کیا، جو لوگ پارٹی میں نہیں تھے انہیں وزیربنادیا گیا۔ 10 سال میں پارٹی میں کسی نے ن لیگ کا دفاع نہیں کیا جتنا میں نے کیا۔انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز پاکستان میں ہوتیں تو شاید یہ مرحلہ نہیں آتا۔ان کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔

شیئر: