Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گجریوتھ فورم مالاکنڈ ڈویژن کے زیر اہتمام کنونشن، ہزاروں کی شرکت

ماضی کی طرح حال و مستقبل میں بھی پاکستان کے  اتحاد و سالمیت کیلئے کوشاں رہیں گے، کنونشن سے گجر یوتھ فورم کے  رہنمائوں کا خطاب
ریاض ( ذکاء اللہ محسن) گجر یوتھ فورم مالا کنڈ ڈویژن  کے زیر اہتمام گجر برادری کے ہزاروں افراد پر مشتمل کنونشن منعقد ہوا جس میں گجر برادری  اور گجر یوتھ فورم سعودی عرب کے سینکڑوں کارکنوں نے بھر پور شرکت کی ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت  سے کیا گیا جس کا شرف قاری بادشاہ حسین کو حاصل ہواجبکہ  نظامت کے فرائض گجر یوتھ فورم کے سینئر وائس چیئرمین حیات خان نے    انجام دیئے۔  انہوں نے معزز مہمانوں اور حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے گجر یوتھ  فورم کے اغراض ومقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ریاض گجر برادری کی جانب سے پیغام دیا گیا کہ  وہ پاکستان بھر میں سب سے  بڑی برادری ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں جو اپنے  طرزعمل کے  ساتھ اعلیٰ  اقدار کے حامل بھی ہیں، گجر یوتھ فورم سعودی عرب  کے  مرکزی چیئرمین  موسیٰ خان نے کہا  گجر قوم پاکستان کی بقا ء کی علامت ہے۔    قیام پاکستان  ہو یا ملکی سالمیت ہر میدان میں گجر برادری نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان بھر میں گجر برادری کی خدمات کسی سے  ڈھکی چھپی نہیں۔ اس دفعہ الیکشن میں   جہاں بھی گجر امیدوار  الیکشن میں  حصہ لے رہے ہیں ہم بھر پور حمایت کریں گے۔    مرکزی جنرل سیکریٹری بخت زادہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا  میں مالاکنڈ ڈویژن اور دیگر کئی علاقوں میں جہاں گجر برادری اکثریت میں ہے ۔ اس بار ہم نے  ان علاقوں میں گجر برادری کے امیدواروں کو  میدان میں اتارا ہے۔پاک  میڈیا فورم کے  صدر الیاس رحیم نے کہا ہم سب ملی  جذبے سے  لبریز ہوکر  وطن کی بقاء  کے لیے سر گرم ہو جائیں اور آنے والی نسل کو محفوظ و مستحکم پاکستان کا  تحفہ دے سکیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ پاک  میڈیا  فورم بلاتفریق کمیونٹی کی کوریج کرتا رہے گا کیونکہ کمیونٹی کی بے لوث خدمت ہی پاک  میڈیا فورم کا مشن ہے۔ الیاس رحیم نے کامیاب کنونشن پر گجر یوتھ فورم کے تمام عہدیدارن کو مبارک باد پیش کی۔  مرکزی ترجمان ملک مظفر خان کا کہنا تھا کہ گجر قوم اپنے اندر اتحاد،  اتفاق،  اخوت،  ایثار،  قربانی اور بھائی چارے پر یقین رکھتی ہے  ۔تقریب سے  ریاض کے  جنرل سیکریٹری فضل محمود، گل شہزادہ ، شاجہان گجر،حاجی شیر محمد ،  مومن خان، تاج  محمد ، شمس القمر، لعل زادہ مجاہد،  ڈاکٹر شیر علی ،  نصیب غنی ، محمد شاہ ، طور خان، یاقوت خان، ارشاد بونیری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے  والے ممتاز ادیب  اور شاعر شیر زمان ثانوی نے اپنے پر کشش اشعار سے محفل کو  زعفران زار  بنایا اور حاضرین سے خوب داد  وصول کی۔ تقریب کے آخر میں پاک میڈیا فورم کے الیاس رحیم  ، ذکاء   اللہ محسن  اور عابد شمعون چاند کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔  دعا کے ساتھ پروقار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

شیئر: