Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: بوندا باندی سے موسم خوشگوار‘ کئی علاقے بجلی سے محروم

کراچی:  شہر قائد میں آج صبح سے موسم معتدل ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ہونے والی بوندا باندی کے باعث شہر کا موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح ہی سے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہو چکا تھا جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے ساحل کا رخ کرلیا۔لانڈھی، ڈیفنس، ملیر، کورنگی، شارع فیصل، گلشن اقبال اور نارتھ کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔ جس کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن کے باعث کئی موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار ہوئے۔ موسم سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے شہر کا موسم ابر آلود ہے اور آئندہ چند دن تک معتدل رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق آج دن بھر شہر بادلوں کے گھیرے میں رہے گا۔دوسری جانب بارش کے باعث جہاں لوگوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی وہیں شہر کا بیشتر علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں اوربرقی آلات سے دور رہیں، گیلے ہاتھوں سے بجلی کے تار نہ چھوئیں جب کہ موٹر سائیکل سواروں کو بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری موٹر سائیکل آہستہ چلائیں۔
مزید پڑھیں:- - - -پشاور: 10 شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ‘ شہر میں سوگ

شیئر: