Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیل یا پھانسی، میرے قدم نہیں رکیں گے،نواز شریف

لندن... سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ میں اور مریم جمعرات کو واپسی کے لئے روانہ ہوررہے ہیں۔اب جیل جانا پڑے یا پھانسی پر چڑھایا جائے اب میرے قدم نہیں رکیں گے، ہر سزا کے لئے تیار ہوں۔ قوم کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔لندن میں مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا وطن مشکل میں ہے۔ اہلیہ کو اللہ تعالیٰ کے سپرد کرکے اپنے وطن اور لوگوں کے لئے واپس جارہا ہوں۔ مجھے سیاسی پناہ کی خبریں دینے والے سن لیں، واپس آرہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جیل کی کوٹھری سامنے دیکھ کر بھی ووٹ کو عزت دو کا وعدہ پورا کرنے جارہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں مقدمہ اس لئے نہیں لڑ رہا تھا کہ مجھے انصاف کی توقع تھی بلکہ اس لئے لڑرہا تھا کہ مجھ سے منسوب جرائم کا سب کو پتہ چل جائے۔ نیب کورٹ کے جج کو لکھنا پڑا کہ استغاثہ نوازشریف کے خلاف کوئی کرپشن، مالی بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال ثابت نہیں کرسکتا۔ ان الزامات سے ملزم کو بری کرتا ہوں ۔ ان سب کے باوجود مجھے، بیٹی اور داماد کو سزائیں سنادی گئیں۔انہوںنے کہا کہ سزائیں دینے کا فیصلہ کہیں اور ہوچکا تھا ۔ جسے5 مرتبہ تبدیل کرکے سنایا گیا۔ ان لوگوں نے صرف میری بیٹی کو سزا نہیں سنائی بلکہ پوری قوم کی بیٹیوں کو توہین کی ہے۔ مجھے تو سزائیں قبول ہیں لیکن مریم نواز کا کیا قصور تھا۔ یہ کونسی ممبر قومی و صوبائی اسمبلی یا پھر سینیٹ کی ممبر تھی ۔ اس کے پاس تو کوئی عہدہ بھی نہیں تھا پھر بھی اسے 8 سال کی سزا سنادی گئی۔انتقام کی آگ میں جلتے لوگوں نے یہ بھی نہیں سوچا کہ بیٹی کا کیا مقام ہے۔آئین اور قانون کا مذاق کب تک اڑایا جائے گا۔عوام نے انصاف کا حقیقی چہرے پھر دیکھ لیا۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کا قائل ہوں۔ پاکستان کے ہر ادارے کا احترام کرتا ہوں لیکن جی حضوری کرکے اقتدار میں رہنا ایک لمحے کے لئے قبول نہیں۔انہوںنے کہا کہ اب خاموش رہے تو یہ ملک کے ساتھ غداری ہوگی۔ کچھ لوگ من پسند نتائج کے لئے ملک کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:حفاظتی ضمانت کے لئے وکلا کام کررہے ہیں،مریم نواز
 

شیئر: