Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علماءکانفرنس اور عالمی برادری سے ٹھوس جدوجہد کی امید ہے، افغان سفیر

 معاملات بہت جلد بہتری کی جانب جائیں گے، اردو نیوز سے سید جلال کریم کی گفتگو
مکہ مکرمہ ( ارسلان ہاشمی ) مملکت میں متعین افغان سفیر سید جلال کریم کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں کہ انہو ںنے افغان ملت کا درد محسوس کیا اور اسلامی کانفرنس تنظیم کی زیر نگرانی عالمی علماءکانفرنس منعقد کی تاکہ افغان مسئلے کا  مثبت حل تلاش کیاجاسکے ۔ مکہ مکرمہ میں منعقدہ علماءکانفرنس کے اختتامی اجلاس کے بعد اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے افغان سفیر نے مزید کہا کہ کانفرنس کے اعلامیے کے بعد ہم افغانستان میں مستقل بنیادوں پر قیام امن کے لئے عالمی برادری اور تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے افغانستان کے عوام کی مشکلات کو حل کروانے کےلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ علماءکانفرنس کے حوالے سے سوال پر افغان سفیر کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے مثبت نتائج جلد ہی برآمد ہونگے جس میں انتہائی اہم اعلامیہ جاری ہوا ہے ۔ امید ہے کہ شریک ممالک اور عالمی برادری کی جانب سے افغان مسئلے کے حل کےلئے جلد ہی ٹھوس کوششوں کا آغاز کیاجائے گا جس سے وہاں امن و امان بحال ہو اور افغان عوام جو کہ برسوں سے مشکلات میں مبتلا ہیں امن کی دولت سے مالا مال ہوسکیں ۔ افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو پرامن مذاکرات کی دعوت دے دی ہے اور اس کانفرنس میں بھی مذاکرات کی بھرپور حمایت کی گئی ہے جس سے قوی امید ہے کہ معاملات بہت جلد بہتری کی جانب جائیں گے ۔ افغان سفیر نے قیام امن کے لئے علماءکے کردار کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔ 
 

شیئر: