Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بال ٹمپرنگ کیس: سری لنکن کپتان وکوچ معطل

 دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بال ٹمپرنگ کیس اور کھیل کی روح نقصان پہنچانے کے جرم میں سری لنکن کپتان دنیش چندی مل، کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے اور منیجر اسانکا گرو سنہا پر 8 ڈی میرٹ پوائنٹس لاگو کرتے ہوئے انہیں 2ٹیسٹ اور4ون ڈے میچوں کے لئے معطل کردیا ۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سینٹ لوشیا ٹیسٹ میں پیش آنے والے بال ٹمپرنگ کیس میں آزاد جوڈیشل کمشنر مائیکل بیلوف نے سری لنکن کپتان، کوچ اور منیجر کو قصور وار قرار دے کر سزائیں سنائیں۔آئی سی سی کے مطابق سری لنکن کپتان دنیش چندی مل، کوچ ہتھورا سنگھے اور منیجر گرو سنہا 2 ٹیسٹ اور 4 ایک روزہ میچوں کے لئے ٹیم سے باہر کئے گئے ۔یاد رہے کہ یہ تینوں اسی کیس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف گال ٹیسٹ سے بھی دستبردار ہو گئے تھے تاکہ میچ کے دوران فیصلے کی صورت میں خفت سے بچ سکیں تاہم یہ میچ تیسرے ہی دن ختم ہوگیا تھا۔ آئی سی سی نے 19جون کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سری لنکن کپتان پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم دنیش چندی مل نے فرد جرم سے انکار کر دیا تھا۔ اس میچ کے دوران جب امپائرز نے گیند کی شکل مصنوعی طریقے سے تبدیل کئے جانے پر سری لنکن ٹیم پر 5رنز کا جرمانہ کیا گیا تو کپتان ِ کوچ اور مینجر نے ٹیم کو میچ کے لئے میدان میں لانے سے انکار کیا جس سے کم وبیش 2گھنٹے کا کھیل متاثر ہوا۔ ان تینوں کو ا س معاملے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے تحت لیول تھری کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ۔چندی کے ڈی میریٹ پوائنٹس کی تعداد 10ہونے سے ان کی پوزیشن نازک ہو گئی ہے اگلے24ماہ کے اندر اگر انہیں مزید 2پوائنٹس ملے تو وہ3ٹیسٹ یا 6ون ڈے میچوں کے لئے باہر ہو جائیں گے ۔ آئی سی سی نے انہیں جاری سیریز ٹیم کے ساتھ ڈریسنگ روم میں موجود رہنے کی اجازت دی ہے تاہم وہ گراونڈ میں داخل نہیں ہو سکتے۔ اسی طرح کوچ ہتھورا سنگھے بھی اپنی ذمہ داریاں جاری رکھ سکیں گے لیکن انہیں ٹیم ڈریسنگ روم یا کھیل کے میدان میں داخلے کی اجازت نہیں ملی ۔ کوچ اسٹیڈیم میں کہیں بیٹھ کر میچ دیکھ سکتے ہیں۔جوڈیشل کمشنر نے اس کیس میں ممکنہ سخت ترین سزا دے کر سری لنکن بورڈ کو بھی شرمندہ کر دیا ہے جو اپنے کپتان اور اسٹاف کے طرزعمل کا دفاع کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

شیئر: