Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شان رسالت میں گستاخی والے کارٹون مقابلے سے نفرت پھیلے گی، او آئی سی

جدہ.....اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے رسول کریم کی شان اقدس میں گستاخی والے کارٹون مقابلے کے انعقاد کی سخت الفاظ میں مذمت کر دی۔ او آئی سی نے واضح کیا کہ مذکورہ مقابلے سے جو 2018ءکے آخر میں منعقد ہوگا ،آسمانی مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان نفرت اور عداوت پھیلانے کا باعث بنے گا۔ اس مقابلے کا اہتمام ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ نے کیا ہے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے توہین رسالت والے کارٹون مقابلے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشتعال انگیز عمل ہے۔ اس سے مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان اشتعال پھیلے گا اور نفر ت کے جذبات بھڑکیں گے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ایسے عالم میں جب پوری دنیا مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مسئلہ پھیلتا جا رہا ہے۔ دنیا بھر کے انسانوں کو امن و سلامتی ، مکالمہ بین المذاہب اور رواداری کا ماحول برپا کرنے کی ضرورت ہے۔ سیکریٹری جنرل نے توجہ دلائی کہ مذہبی عداوت، تفرقہ ، نسلی امتیاز اور اشتعال انگیزی کو روکنے کیلئے واجب التعمیل قوانین بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب مذاہب کی تعظیم کے عالمی اصول کے منافی عمل نہیں۔ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب دوسروں کے جذبات مجروح کرنا نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ جب سے ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ نے رسول کریم کی شان گرامی میں گستاخانہ کارٹون مقابلے کا اعلان کیا ہے تب سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں خصوصاً اور امن پسند انسانوں میں عموماً تشویش اور تکلیف کی لہر دوڑ رہی ہے۔ 

شیئر: