Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھاندلی کیخلاف ہڑتال اور دھرنے ہونگے،جی ڈی اے

کراچی...گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے عام انتخابات کے نتائج کو پھر رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14اگست کے بعد دھاندلی کے خلاف ہڑتال، دھرنے اور سخت ترین احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا جائے گا ۔ جی ڈی اے نے الزام لگایا کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کوووٹ نہیں دیئے بلکہ زبردستی عوامی منڈیٹ چراکر اسے کامیاب کرایا گیا ۔ جی ڈی اے کا اجلاس اتحاد کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی زیر صدارت پر ہوا ۔حالیہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل اور ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور و غوض کیا گیا۔بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جی ڈی اے کے سکریٹری جنرل آیازلطیف پلیجو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو سندھ کے عوام پر مسلط کیا گیا ۔ لوگ یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ بی بی کی شہادت پر بھی پی پی کو اتنی نشستیں نہیں ملی تھیں اب کیسے مل گئیں؟ پیپلز پارٹی نے گزشتہ 10 سال میں ایسا کیا کردیا کہ وہ سندھ کے عوام کی پسندیدہ جماعت بن گئی۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کااظہار کیا کہ نیب اور ایف آئی اے سمیت تحقیقاتی ادارے کرپٹ لوگوں کے خلاف اب سخت کارروائی کرنے سے کیوں گریز کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نئی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں ۔عمران خان کو چاہیئے کہ وہ سندھ کے دیہی علاقوں کے لئے وفاقی پیکیج کا علان کریں ۔ آبادگاروں کو بھی خصوصی پیکیج دیا جائے۔ پیر صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ یہ کیسا الیکشن ہے جس میں جیتنے اور ہارنے والے سب پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو سندھ کے مسائل حل کرنا ہونگے۔ پیپلز پارٹی انتقامی سیاست سے باز رہے ۔
مزید پڑھیں:جماعت اسلامی کراچی سے کیوں ہاری؟
 

شیئر: