Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی تا کشمیر پاکستان زندہ باد کے نعرے

اسلام آباد.. جشن آزادی پاکستان بھرپور قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے پختہ عزم کی تجدید اور جمہوری تسلسل کا اہم سنگ میل عبور کر نے کا اعادہ کیا گیا ۔ دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی ،استحکام و سربلندی کے ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کے لئے خصوصی دعاوں سے ہوا۔وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ صبح 8 بجکر 58 منٹ پر ملک بھر میں سائرن بجائے گئے۔ 2 منٹ تک ٹریفک رکی رہی۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوئی۔ مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک، مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفرا اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی موجود تھی۔ صدر اور وزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم لہرایا ۔یوم پاکستان پر ملک بھر میں جلسے جلوس،ریلیاں سیمینارز اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔اخبارات نے ضمیمے شائع کئے ۔ پرچم کشائی کی تقاریب صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی ہوئیں۔صدر وزیر اعظم آزادکشمیر اور چاروں صوبوں کے نگران وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔کراچی میں مز ر قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور میں مزار اقبال پر پروقار تقریب ہوئی۔ پنجاب رینجرز سے آرمی کے چاق وچوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ دریں اثناءجشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں شہروں اور قصبوں کو برقی قمقموں اور سبز ہلالی پرچم والی اور رنگا رنگ جھنڈیوں سے سجایا گیا ۔کراچی تا کشمیر خوشیوں کی بہار رہی ۔ فضا پاکستان زندہ بادکے نعروں سے گونجتی رہی ۔
مزید پڑھیں:عمران اسماعیل کو مزار قائد جانے سے کیوں روکا گیا؟

شیئر: