Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کا اہم مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا، جنرل منصور الترکی

منیٰ..... وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ حج کا رکن اعظم اور دوسرے دن کی رمی کے بعد حجاج کرام کی بڑی تعداد نے طواف افاضہ انتہائی آرام و اطمینان سے کیا ۔ رب کریم کا شکر ہے کہ اس کے فضل و کرم سے حج کا ابتدائی منصوبہ کامیاب رہا ۔ حجاج کرام نے مقررہ منصوبے کے مطابق تمام مناسک حج ادا کئے ۔ وہ منی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس میں وزارت حج کے ترجمان حاتم قاضی ، وزارت صحت کے مشعل الربیعان، ہلال الاحمر کے ڈاکٹر سلطان العنزی ،شہری دفاع کے کرنل محمد آل قماش اور حج ٹاسک فورس کے سربراہ کرنل سامی الشویرح بھی شریک تھے ۔ جنرل الترکی نے مزید کہا کہ8 ذوالحجہ کو حجاج کرام کی منی روانگی اور وقوف عرفہ ، مزدلفہ اور دوبارہ منی واپسی کے تمام مراحل بخیر و خوبی مکمل ہوئے ۔ رب تعالی کے فضل و کرم سے حج منصوبہ بندی کامیاب رہی ۔ حجاج کرام نے پہلے دن کی رمی بخیر و خوبی ادا کی اور طواف افاضہ کےلئے مکہ مکر مہ گئے ۔ تمام معاملات انتہائی آسانی سے پور ے ہوئے ۔ حجاج کرام کی جانب سے بھی منصوبہ بندی پر مکمل طریقے سے عمل کیا گیا جس کے سبب کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ جنرل الترکی نے مزید کہا کہ رمی کے مقام پر ازدحام کو کنٹرول کرنے کےلئے جو منصوبہ بندی اختیار کی گئی تھی اس کے بہترین نتائج برآمد ہوئے جن سے آئندہ بھی مستفیض ہونگے۔جنرل الترکی نے کہا کہ آج کا دن مزید اہم ہے جبکہ ایام تشریق کے دوسرے دن جیسا کہ ہم سب کو علم ہے کہ اس دن حجاج کرام جلدی روانہ ہوجاتے ہیں اور باقی رہ جانے والے بہت کم ہوتے ہیں اسلئے دوسرے دن کوئی خاص ازدحام نہیں ہوتا ۔ رمی کے لئے حجاج کو گروپس کی صورت میں لے جانے والے منصوبے پر عمل جاری ہے جس کے بہترین نتائج ہمارے سامنے ہیں ۔ دریں اثناءہلال الاحمر کے ترجمان ڈاکٹر العنزی نے کہا حج کے ابتدائی 3 دنو ںمیں وزارت صحت کو 10 ہزار معمولی کیسسز درج کئے گئے جن میں زیادہ تر گرمی سے متاثر ہونے والے تھے ۔ وزار ت حج کے ترجمان حاتم قاضی نے کہا رب تعالی کے شکر گزار ہیں کہ تمام مراحل بخیر وخوبی مکمل ہو گئے ۔ منصوبہ بندی کامیاب رہی دعا گو ہیں کہ حجاج کرام بخیر و عافیت اپنے ملکوں کو جائیں ۔ حاتم قاضی نے مزید کہا کہ حجاج کرام اپنے ڈیجیٹل کڑے لازمی پہنیں جن پر انکے بارے میں تمام معلومات موجود ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 ہزار حجاج کرام جو مشاعر میں اپنے خیمے بھول گئے تھے انہیں انکے خیموں تک پہنچایا گیا ۔ حج ٹاسک فورس کے سربراہ کرنل سامی الشویرخ نے کہا کہ امسال 192 فرضی حج اداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر 9 لاکھ 26 ہزار 686 افراد کو چیک پوسٹوں سے لوٹایا گیا ۔ وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ وزارت کی جانب سے ہنگامی ٹیلی فون نمبر پر 4 زبانوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ۔

شیئر: