Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت کو گستاخانہ خاکوں کیخلاف کارروائی کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد عدالت نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہالینڈ کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے لیے درخواست کی سماعت ہوئی اس دوران جسٹس محسن کیانی نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کا موقف تھا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں پر مشتمل کتاب شائع کردی گئی ہے اس کے باوجود حکومت کے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات تاحال برقرار ہیں۔ لہٰذا عدالت حکم دے کہ بطور احتجاج حکومت ہالینڈ کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرکے اس کے سفیر کو ملک بدر کردے۔ عدالت نے درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ حکومت کو گستاخانہ خاکوں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لینا چاہیے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور مذہبی جذبات کا تحفظ کرے۔ ہالینڈ میں گستاخانہ اقدام سے پاکستانی شہریوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ۔ عدالت نے وزیراعظم، وفاقی سیکرٹری خارجہ، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور وفاقی وزارت آئی ٹی کو اس حوالے سے نوٹسز جاری کردیے اور حکم دیا کہ فریقین 15 اکتوبر تک جواب جمع کرائیں اور بتائیں کہ گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ کیس کی سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
 

شیئر: