Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت انتقام نہیں‘ درگزر سے کام لے‘ نواز شریف

اسلام آباد:  مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مشرف کے دور میں بنائے گئے تمام کالے قوانین اور نیب کو بھی ختم کردینا چاہیے۔ احتساب کی موجودہ کارروائیاں حکومت کی انتقامی سیاست ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب عدالت میں کیس کی سماعت کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نے پی ٹی آئی کی حکومت اور نیب پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر کوئی بھی پاکستانی نہیں بچ سکتا۔ امیر ہو یا غریب، جائداد بیچنے پر مکمل آمدن ظاہر نہیں کرتا۔ حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے۔ ہم نے درگزر کرنے کی اچھی روایات ڈالیں۔ ہماری حکومت نے کوئی سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی تاہم اگر اس کو احتساب کہتے ہیں تو بہت افسوس ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انتہائی محنت سے صبح شام کام کیا یہاں تک کہ اپنی بیماری کو بھی نظر انداز کیا۔ جس کمپنی کو شہباز شریف نے ٹھیکا دینا مناسب نہیں سمجھا، کے پی کے حکومت نے اسی کو ٹھیکا دیا۔ اس پر نیب کو تحقیقات کرنی چاہیے۔ اس طرح کے کاموں پر باقاعدہ ریفرنس دائر ہونا چاہیے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک آگے بڑھانے کے لیے در گزر سے کام لینا ہوگا۔ یہ ملک پہلے ہی بیٹھ چکا ہے۔ ایسا ہوتا رہا تو اور بیٹھ جائے گا اور نظام درست ہونے میں وقت لگے گا۔
مزید پڑھیں:- - -  -نیب نے سلمان شہباز کو بھی طلب کرلیا

شیئر: