Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاندانی نظام ذہنی سکون کی بہترین دوا ہے،نائیڈو

نئی دہلی۔۔۔۔نائب صدر جمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ خاندانی نظام نوجوان نسل کو ذہنی افسردگی سے بچانے کیلئے بہترین دوا ہے۔وہ چنئی میں ایتھی راج کالج فار ویمن کی پلا ٹینم جوبلی تقریب میں خطاب کررہے تھے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ مردوں کی بالا دستی، بنیاد پرستی، انتہاپسندی اورمذہبی شدت پسندی کو شکست دینے کیلئے خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بہتر معاشرے کی تشکیل ہوگی ۔ ہندوستان کو آئینی اقدار کے مطابق بنانے کیلئے لڑکیوں کی تعلیم کا دھیان رکھنا ہوگا۔انہوں نے خواتین کے خلاف امتیاز اور صنفی تفریق کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماجی برائیوں کے خلاف سخت کارروائی پرزوردیا۔نائیڈو نے کہا کہ خواتین کی ترقی، قومی ترقی کیلئے کلید ہے۔اس سلسلے میں ہندوستان ترقیاتی سفر میں خواتین کو شامل کرنے کیلئے بڑے اقدامات کررہا ہے۔ ہندوستانی خواتین نے متعدد شعبوں میں بہترین کارکردگی اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ خواہ سیاست، صنعت، کھیل کود کا شعبہ ہو یا ٹیکنالوجی، خدمات یا اسکالر شپ کا شعبہ ہو۔نوجوان نسل ذہنی افسردگی کاشکار ہوکر مایوسی کے دلدل میں جارہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے زور دیکر کہا کہ وہ اپنے خاندان کے بزرگوں سے باقاعدگی کے ساتھ بات چیت کریں اور ان کے مشوروں پر عمل کرکے خوشیاں حاصل کریں۔ نائیڈو نے کہا کہ انٹرنیٹ کا زیادہ استعمال اور گیجٹس نوجوانوں کے جسم اور اوقات پر منفی اثرات ڈال رہے ہیں۔وہ مطلوبہ نیند حاصل نہیں کرپاتے۔نوجوان نظام الاوقات کی پابندی کریں اور جسمانی ورزش کیلئے بھی تھوڑاوقت نکالا کریں۔نائب صدرنے کہا کہ ایتھی راج کالج فار ویمن نے 1948 میں محض 96 لڑکیوں کے ساتھ تعلیم کا آغا ز کیا تھا لیکن آج اس کالج میں تقریباً 8ہزار طالبات زیرتعلیم ہیں جہاں تفریح ،سائنس، ٹکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعلیم کے بہترین انتظامات مہیا ہیں۔
مزید پڑھیں:- - -  - -دہلی: پڑھائی کیلئے ڈانٹے پربیٹے نے والدین اور بہن کو قتل کردیا
رائے دیں، تبصرہ کریں

شیئر: