نعلین مبارک کی چوری،جے آئی ٹی بنانے کا حکم
اتوار 14 اکتوبر 2018 3:00
لاہور...سپریم کورٹ نے لاہور کی بادشاہی مسجد سے نعلین مبارک چوری ہونے کے معاملے پر جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پر کیس کی سماعت کی۔ محکمہ اوقاف کے نمائندے نے نعلین مبارک کی چوری سے متعلق رپورٹ پیش کی، جسے چیف جسٹس نے مسترد کردیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس د ئیے کہ رپورٹ سے مطمئن نہیں یہ صرف خود کو بچانے کی ایک کوشش ہے۔ اس سے بڑی دولت کیا ہے جس کی آپ حفاظت نہیں کر سکے، شرم کی بات ہے کہ ہم اتنی مقدس چیز کی حفاظت نہیں کر سکے۔ وکیل محکمہ اوقاف نے بتایا کہ اس معاملے پر اب تک 10مرتبہ تحقیقات ہوچکی ہیں لیکن کچھ سامنے نہیں آیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ معمول کی تحقیقات تھی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ بادشاہی مسجد سے نعلین پاک کو 2001 میں برونائی میں نمائش کے لئے بھیجا گیا ۔ 5 ستمبر 2001 کو نعلین مبارک کو واپس وطن لایا گیا اور اسے دوبارہ بادشاہی مسجد میں رکھ دیا گیا ۔ 30 اگست 2002 کو چوری کا واقعہ پیش آیا۔