Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان مرکز کے تحت پاکستان میں 300 سکولوں کی تعمیر، عالمی سطح پر امدادی سرگرمیوں میں اضافہ

خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں 22 منصوبوں کی بحالی جاری ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ادارہ کنگ سلمان ریلیف پاکستان میں انسانی ہمدردی کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں ملک بھر میں 300 سکولوں کی تعمیر شامل ہے۔ یہ اقدام ان کمیونٹیز کو تعلیم فراہم کرنے کے لیے ہے جنہیں سرکاری نظام تک رسائی نہیں تاکہ بچوں کو محفوظ اور جامع تعلیمی ماحول مل سکے۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں چار سرکاری سکول تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ تعلیم کی بحالی اور متاثرہ خاندانوں کی مدد ہو۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں 22 منصوبوں کی بحالی جاری ہے، جن میں سکول، صحت کے مراکز اور پانی و صفائی کے منصوبے شامل ہیں تاکہ پائیداری اور کارکردگی بہتر ہو۔
اسلام آباد میں ایک ڈیزاسٹر مینجمنٹ لاجسٹکس ویئرہاؤس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ ایمرجنسی تیاری اور فوری امدادی ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
بین الاقوامی سطح پر کے ایس ریلیف نے شام کے صوبہ اللاذقیہ میں جنگلاتی آگ سے نمٹنے کے لیے تین جدید فائر فائٹنگ گاڑیاں فراہم کیں۔ یہ امداد ہنگامی منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد آگ بجھانے کے لیے آلات اور گاڑیاں فراہم کرنا ہے۔ شام کے حکام نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون سول ڈیفنس کی صلاحیت کو بڑھائے گا اور ایمرجنسی ردعمل کو بہتر کرے گا۔
یمن میں ادارے نے الحدیدہ میں پانی اور صفائی کے منصوبے کے تحت ایک ہفتے میں 11 لاکھ 47 ہزار لیٹر گھریلو پانی اور 2 لاکھ 47 ہزار لیٹر پینے کا پانی فراہم کیا، جبکہ 69 کچرا ہٹانے کے دورے کیے، جس سے 16 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
لبنان میں شامی پناہ گزینوں کو 928 فوڈ باسکٹ اور کھجوریں فراہم کی گئیں، برازیل میں چھ ہزار کلوگرام کھجوریں تقسیم ہوئیں، اور افغانستان کے ننگرہار میں 520 فوڈ باسکٹ دی گئیں۔
2015  سے اب تک کے ایس ریلیف نے 109 ممالک میں 38 سو سے زائد منصوبے مکمل کیے ہیں جن پر آٹھ اعشاریہ دو ارب ڈالر سے زائد لاگت آئی ہے۔ یہ منصوبے خوراک، صحت، تعلیم، پانی و صفائی اور پناہ گاہ جیسے اہم شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔

 

شیئر: