اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے وزیر اعظم عمران خان کی اہلیت سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست مسترد کردی۔ ذرائع کے مطابق ن لیگی رہنما حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت میں دلائل دیتے وقت کہا کہ عمران خان نے عدالت سے کئی حقائق پوشیدہ رکھے۔ کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی اور جمائما کے اثاثے ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ٹکڑوں میں دستاویزات فراہم کیں جو غیر تصدیق شدہ اور ناقابل قبول ہیں۔دوران سماعت وکیل اکرم شیخ نے کیس کا موازنہ نواز شریف کے خلاف مقدمے سے بھی کیا جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ پاناما اور عمران خان کے کیس کا موازنہ درست نہیں۔ ہر کیس کے اپنے علاحدہ حقائق ہوتے ہیں۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔