Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آزادی کشمیر کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں، شاہد آفریدی

لندن: پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں۔لندن میں آفریدی فاونڈیشن کی جانب سے ہونیوالی ایک تقریب میں ہندوستانی میڈیا نے میرے بیان کو مکمل طور پر پیش نہیں کیا جس کی وجہ سے بیان کا غلط مطلب لیا جا رہا ہے۔ ٹویٹر پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں آزادی کشمیر کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتا ہوں، اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق ضرور ملنا چاہئے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر خوش ہوتے ہیں، جس پر انہیں اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑتا ہے۔ آفریدی نے کہا کہ کشمیر میں انسانیت زندہ رہنی چاہیے،وہاں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوتا ہے۔شاہد آفریدی نے اپنی ایک دوسری ٹویٹ میں لکھا کہ میڈیا پر گردش کرنے والی ان کی ویڈیو نامکمل اور سیاق وسباق سے ہٹ کر چلائی جا رہی ہے، میں نے اس سے پہلے کیا کچھ کہا اسے کاٹ دیا گیاہے۔ قومی کرکٹر کا کہنا ہے کہ ہند کے ظالمانہ فوجی قبضے میں کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کا حل ضروری ہے، ہر پاکستانی کی طرح میں بھی کشمیریوں کی تحریک آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہوں اور اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ قبل ازیں شاہد آفریدی کے بیان سے یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ انہوں نے کشمیریوں کی دل آزاری کی ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: