Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خوداعتمادی زندگی میں آگے بڑھنے کازینہ ہے

زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے سب سے اہم چیز خود اعتمادی ہے ۔ اس بات کا ادراک ہونا کہ آپ جو سوچتی ہیں جو چاہتی ہیں وہ صحیح ہے یا غلط اور اپنے فیصلوں کو بہترین انداز سے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہی آپ کی شخصیت کے مثبت رخ کو ظاہر کر سکتا ہے ۔ سوچ آپ کی شخصیت کی عکاس ہوتی ہے ۔ اکثر اوقات ایسا ہوتا ہے کہ ہم دوسروں کے مشورے کو فوراً تسلیم کر لیتے ہیں اور اپنے بہترین خیالات کو رد کردیتے ہیں ۔ ایسا محض اس وجہ سے ہوتا ہے کہ ہمیں اپنی صلاحیتوں اور سوچ پر اعتبار نہیں ہوتا جبکہ دوسرے کی سوچ اور قابلیت قابل بھروسہ محسوس ہوتی ہے ۔ یہ غلطی سراسر نقصان کا باعث بنتی ہے ۔ اگر آپ اپنی شخصیت کو مثبت اور زندگی کو کامیاب بنانا چاہتی ہیں تو اپنی شخصیت کو پہچانیں اور اپنی سوچ اور خیالات کی قدر کرنا سیکھیں ۔ رواج کی اندھی تقلید مت کریں بلکہ کام ویسے کریں اور چیزیں ویسے اپنائیں جیسے آپ کو پسند ہوں ۔ اپنی مرضی اور پسند کے مطابق کام کرنے کے لئے آپ کو بہت سا حوصلہ درکار ہوگا تاہم چھوٹی چھوٹی مشکلات سے گزر کر آپ اس کی  عادی ہو جائیں گی ۔ مستقل مزاجی سے ہی کامیابی حاصل کی جاتی ہے ۔ اپنی شخصیت کی منفرد پہچان کو دوسروں کی خوشنودی کے لئے قربان مت کریں ۔ خود کو دوسروں کی عینک سے دیکھنے کے بجائے اپنے آپ سے محبت کرنا سیکھیں ۔ خود کو اپنی ظاہری اور باطنی خصوصیات کے ساتھ مکمل طور پر قبول کریں ۔ اپنی ذات میں بہتری لائیں نہ کہ دوسروں کی نظر میں خاص مقام حاصل کرنے کی کوشش میں تھکا دینے والی اور بیزار کن زندگی گزاریں ۔ اپنے خیالات پر یقین اور اعصاب پر قابو رکھیں ۔ ذہنی یکسوئی حاصل کرنے کے لئے یوگا ، میڈیٹیشن اور ڈیجیٹل ڈی ٹوکس کی مدد لی جاسکتی ہے ۔ فون اور الیکٹرانک ڈیوائسز سے دوری بھی مزاج پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے ۔ محض تھوڑی سی توجہ  اور یکسوئی سے آپ اپنی زندگی کو مثبت ڈگر پر لے جا سکتی ہیں . 
 

شیئر: