Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ :پاکستان انٹر نیشنل اسکول انگلش سیکشن میں یوم اقبال کی تقریب

***کمیونٹی ڈیسک ۔ جدہ ***
پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن ایک ایسی معیاری درسگاہ ہے کہ یہاں نصابی تربیت کے علاوہ غیر نصابی سر گرمیوںپر بھی یکساں توجہ دی جاتی ہے۔ طلبا وطالبات کو ایسے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں جن سے ان کی مکمل ذہنی نشوونما اور شخصیت کی بھر پورتعمیر ہو تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر سکیںاور پُر اعتماد وباوقار شخصیت بن سکیں۔یوم اقبال کے موقع پر آڈیٹوریم میں خصوصی طور پر طلبہ و طالبات کو علامہ اقبال کے بارے میں آگاہ کرنے نیز ان کے کارہائے نمایاں اور شاعری کو اجاگرکرنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ بعد ازاں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے۔ تقریب میں علامہ اقبال کی شہرہ آفاق نظموں ”یارب دل مسلم“ ، ” رات اور شاعر“، ”خودی کا سرِ نہاں“،” ماں کا خواب“ اور ”کبھی اے نوجواں مسلم “پر مبنی سبق آموز ٹیبلوز اور خاکے پیش کیے گئے ۔ اس موقع پر پرنسپل عدنان ناصر نے طلبا کی نصابی اور غیر نصابی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے طالبعلم، کل کے معمارانِ قوم ہیں اور اس ادارے سے تعلیم حاصل کرنے والا ہر طالب علم ایک کامیاب انسان اور محب وطن پاکستانی بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج ہم یہاں عظیم فلسفی شاعر علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ علامہ اقبال ایک ایسی شخصیت ہیں جن کا متاثر کن مطمح نظراور فلسفہ ءخودی ان کو دیگر تمام شعراءسے ممتاز کرتا ہے ۔اقبال نے اپنے تخلیقی تصورات کی وضاحت کےلئے ادبی و شعری طریقہ اختیار کیاتاکہ وہ ”خودی“ کے فلسفے کے تحت ذہن انسانی کی نشو و نما کر سکیں۔بقول اقبال ہمیں اپنے آپ کو فلسفہ خودی کی انتہاتک لے جانا چاہئے کیونکہ اگر آپ اللہ کو جاننا چاہتے ہیں تو پہلے اپنے آپ کو پہچانیں۔ان کا کہنا تھا کہ حتمی عمل عقلی نہیںبلکہ زندگی سے معمور ہوتا ہے جو خودی کو مزید گہرا کر دیتا ہے اور انسان کو یہ باور کرا دیتا ہے کہ یہ دنیا صرف نظریات کی بنیادوں پر دیکھنے یا جاننے کی چیز نہیں بلکہ اسے عمل مسلسل کے ذریعہ بنانا اور دوبارہ بنانا پڑتا ہے ۔پرنسپل عدنان ناصر نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنی ذات کی گہرائیوں کو پہچاننے کی کوشش کریں تاکہ اپنی زندگی کا مقصد پہچان کر اس پر عمل پیرا ہو سکیں۔ 

شیئر: