دوحہ اور ابوظبی میں دھماکوں کی آوازیں، پاکستانیوں سمیت چھ زخمی
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک بار پھر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
جمعرات کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کے صحافیوں نے بتایا کہ زور دار دھماکوں سے قطری دارالحکومت لرز اٹھا اور دوحہ کے افق پر دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔
امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد ایران کی طرف سے خلیجی خطے میں شروع کی گئی وسیع جوابی کارروائی کے نتیجے میں دوحہ کو ایرانی ڈرونز اور میزائلوں کی لہروں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اے ایف پی کے رپورٹر نے بتایا کہ شہر بھر میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کے بعد افق پر سیاہ دھویں کا ایک ستون بلند ہوتا دیکھا گیا جبکہ تہران امریکہ اور اسرائیل کی ایران پر کارروائیوں کے بعد اپنے خلیجی ہمسایہ ممالک کے خلاف فضائی جوابی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
قطر کی وزارتِ دفاع نے جمعرات کو کہا کہ دوحہ میں گونج دار دھماکوں اور شہر کے اوپر دھواں نظر آنے کے دوران اس کی مسلح افواج آنے والے میزائل حملے کو روکنے کے لیے کارروائی کر رہی ہیں۔
وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ ’ریاست قطر کی وزارتِ دفاع اعلان کرتی ہے کہ ریاست قطر کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔‘ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’فضائی دفاعی نظام میزائل حملے کو ناکام بنانے کے لیے متحرک ہیں۔‘
دوسری جانب جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جہاں گرنے والے شیل کے ٹکڑوں کے ملبے سے کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے۔
ابوظبی میڈیا آفس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ابوظبی کے حکام نے آئی سی اے ڈی ٹو میں دو مقامات پر ملبہ گرنے کے واقعے پر فوری ردعمل دیا ہے۔ یہ واقعہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ڈرونز کو کامیابی سے روکنے کے بعد پیش آیا۔ اس واقعے کے نتیجے میں چھ پاکستانی اور نیپالی شہری معمولی اور درمیانی نوعیت کے زخموں کا شکار ہوئے۔‘
