Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیسرا ٹیسٹ : اظہر اور اسد کی سنچریوں سے پاکستان کی پوزیشن مضبوط

ابو ظبی: نیوزی لینڈ کے خلاف ابو ظبی ٹیسٹ کے تیسرے دن اظہر علی اور اسد شفیق کی سنچریوں کی مدد سے میچ میں اچھی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ اپنی روایتی تباہی سے دوچار ہو گئی اور صرف74رنز کی برتری حاصل کر سکی ۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 348رنز بنائے لیکن آخری 7وکٹیںصرف62رنز کے اضافے پر گرنے سے میچ کی صورتحال بدل گئی اور کیوی بولرز ، خاص طور پر پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ولیم سمر ویل ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے ۔ سمر ویل نے 4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ پاکستان کی جانب سے 134رنز بنا نے والے اظہر علی اور104رنز پر اسد شفیق کے آوٹ ہوتے ہی میچ کا پانسہ بھی پلٹتا چلا گیا۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ کی ٹیم 74رنز کے خسارے کو کم کرکے 48رنز تک لے آئی تھی لیکن اس دوران اس کی 2وکٹیں بھی گر گئیں۔ کپتان کین ولیمسن 14اور نائٹ واچ مین ولیم سمر ویل ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔کیوی ٹیم کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے ابھی مزید48رنز بنانے ہیں اور اس کی 8وکٹیں باقی ہیں۔تیسرے دن کے آغاز پراظہر علی اور اسد شفیق نے دوبارہ پہلی اننگز شروع کی اور کیوی بولرز کو ناکامی سے دوچار کرتے ہوئے 201رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنا دی تھی ۔ اظہر علی 15ویںٹیسٹ سنچری مکمل کرنے کے بعد134رنز پر آوٹ ہو گئے ۔ ان کے بعد اسد شفیق بھی سنچری مکمل کرنے کے 104رنز بنا کر آوٹ ہوگئے ۔کپتان سرفراز احمد25، بابر اعظم 14اور بلال آصف11رنز بنا سکے جبکہ یاسر شاہ رن آوٹ ہو گئے ۔حسن علی اور شاہین شاہ نے اسکور میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔ نیوزی لینڈ کے ولیم سمر ویل نے 4وکٹیں لے کر اپنا پہلا ٹیسٹ یادگار بنا لیا ،ٹرینٹ بولٹ اور اعجاز پٹیل نے2،2اور ٹم ساوتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز شروع کی پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے شاہین شاہ نے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی جب انہوں نے جیت راول کو صفر پرایل بی ڈبلیوآوٹ کردیا۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 24 کے مجموعی اسکور پر گری جب یاسر شاہ نے ٹام لیتھم کو 10کے انفرادی اسکور پر واپس بھیج دیا ۔کپتان کین ولیم کا ساتھ دینے کیلئے ولیم سمر ویل کو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجا گیا۔ انہوں نے کھیل کے اختتام تک وکٹ بچائے رکھی۔ 
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: