Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان امن عمل کےلئے سفارتی کوششوں میں تیزی لائی جائے ،ملیحہ

نیویارک ... پاکستان نے افغان امن عمل کےلئے سفارتی کوششوں میں تیزی لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری کو یاددہانی کرائی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں جنگ کے خاتمہ کےلئے ہمیشہ اس مسئلے کو سیاسی طور پر حل کرنے کی حمایت کی ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر مباحثے کے دوران کہا کہ افغانستان کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر بین الاقوامی سطح پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ افغان حکومت کی ایسے حل پر آمادگی مثبت سمت میں پیشرفت ہے۔امریکہ کی طرف سے طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات بھی ایک اور مثبت پیش رفت ہے۔ پاکستان ایسے مذاکرات میں بھرپور معاونت کرے گا۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان تقریباً 2عشروں سے بار بار یہ کہہ رہے ہیں کہ افغانستان کی جنگ کو مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔اب اس موقف کو پوری عالمی برادری کی طرف سے اپنا لیا گیا ۔پاکستانی مندوب نے افغانستان میں امن کے فروغ کےلئے روس، چین اور خطے کے دیگر ممالک کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کےلئے ضروری ہے کہ تمام علاقائی شراکت داروں کے کردار کو تسلیم کیا جائے۔ حالیہ عرصہ کے دوران افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں کے نتیجہ میں جانی و مالی نقصانات میں اضافہ ہوا ہے۔افغانستان میں طویل عرصہ سے جاری جنگ سے پاکستان دیگر ممالک کے مقابلہ میں کہیں زیادہ متاثر ہوا ہے۔ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دی اور کئی عشروں سے ان کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس وقت بھی پاکستان میں 20 لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین موجود ہیں۔

شیئر: