Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا میں کلاسک کار ریلی، گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے ’ایک منفرد تجربہ‘

طویق کلاسک کار ریلی 2026 کا باقاعدہ آغاز اتوار کے روز العلا گورنریٹ میں ہوا۔ افتتاحی تقریب العلا اولڈ ٹاؤن میں منعقد کی گئی، جس میں سعودی عرب کے مختلف علاقوں کے علاوہ بیرونِ ملک سے آنے والے کلاسک کاروں کے شوقین افراد نے بھی شرکت کی۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریلی کا آج دوسرا دن ہے جبکہ اتوار کو کلاسک گاڑیوں کی یہ ریلی العلا کے تاریخی مقامات سے گزری۔
اس ایونٹ کا مقصد کلاسک موٹر سپورٹس کے شوق کو العلا کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کے ساتھ جوڑنا ہے، تاکہ علاقے کی قدرتی خوبصورتی اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔
یہ ریلی اپنے چوتھے ایڈیشن میں داخل ہو چکی ہے اور گزشتہ کامیاب ایڈیشنز کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے خصوصی کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے۔
اس موقع پر منتظمین نے کہا کہ ایسے ایونٹس العلا کو سیاحت، ثقافت اور کھیلوں کے ایک نمایاں اور پرکشش عالمی مرکز کے طور پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
طویق کلاسک کار ریلی نہ صرف کلاسک گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے ایک منفرد تجربہ فراہم کرتی ہے بلکہ العلا کی تاریخی شناخت اور سیاحتی حیثیت کو بھی مزید مضبوط بناتی ہے۔

شیئر: