بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تین شدت پسند ہلاک: آئی ایس پی آر
اتوار 25 جنوری 2026 16:41
شدت پسندوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ معلومات پر کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تین شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
اتوار کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین انڈین حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، جن میں علاقائی دہشت گرد کمانڈر فاروق عرف ’سورو‘، دہشت گرد عدیل اور دہشت گرد وسیم شامل ہیں۔‘
شدت پسندوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
مزید کہا گیا کہ ’علاقے میں موجود دیگر انڈین حمایت یافتہ دہشت گرد کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔‘
’سکیورٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں ’عزمِ استحکام‘ (جسے نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل اپیکس کمیٹی نے منظور کیا) کے ویژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھیں گی، تاکہ ملک سے غیرملکی سرپرستی یافتہ اور مدد یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔‘
