Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مڈٹرم الیکشن نہیں ہونگے ،شاہ محمود

ملتان...وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈومور کہنے والوں نے مدد مانگ لی ۔15 دسمبر کو افغانستان کا دورہ کرونگا ۔افغان مسئلے کے حل کےلئے پاکستان اپنا کر دار ادا کریگا ۔کرتارپور راہداری کھلنے کے بعد سکھوں کو پاسپورٹ اور ویزے کے بغیر پاکستان آنے کے اجازت دینگے ۔ وزیراعظم وزارت خارجہ کی 100روزہ کار کر دگی سے مطمئن ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کومایوس نہیں کریگی۔کٹہرے میں کھڑے لوگوں کے پاﺅں کانپ رہے ہیں۔ ہمارے وزراءپر الزام آیا تو از خود چلے گئے ۔ ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا ۔ قوم قیمت ادا کررہی ہے ۔کچھ عرصہ ہمیں تکلیف بر داشت کر نا پڑے گی ۔ لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کےلئے قانون سازی کر رہے ہیں ۔ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت عوامی امنگوں کے مطابق کام کر رہی ہے۔گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ اقوام متحدہ میں پیش کیا اور کشمیرکے معاملے کو بھرپورطریقے سے اجاگرکیا گیا۔ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے امن کےلئے ناگزیر ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کےلئے اپنی آواز بلند کریں۔ مسئلہ کشمیر پر دنیا کے ضمیر کو جگانے کے لئے اس سال یوم کشمیر اسلام آباد کے بجائے لندن میں منائیں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ چلنے کی دعوت دوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایک سال پہلے جنوبی ایشیا کی پالیسی دی تھی۔ صدر ٹرمپ کے ایک سال پہلے پاکستان کے بارے میں کیا تاثرات تھے اور ہیں لیکن اب وہ ہم سے مدد مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپورراہداری کھولنے کااقدام خیرسگالی اور امن کیلئے ہے۔ہمارے خیرسگالی کے پیغام کوپوری دنیا نے سراہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے ،حکومت انہیں مایوس نہیں کرےگی۔ شاہ محمود نے کہاکہ مڈٹرم الیکشن کے حوالے سے وزیر اعظم کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ مڈٹرم الیکشن نہیں ہونگے ۔حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ قوم نے عمران خان پر اعتماد کیا ہے تحریک انصاف عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے سے انکار نہیں کیا جا سکتا یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
 

شیئر: