Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خصوصی اقتصادی زونز کی جلد تعمیر پر پاک چین اتفاق

اسلام آباد:  چین کے معاون وزیر خارجہ کونگ زوآن یونے کی اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی سیکورٹی پر بات چیت ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں میں خطے کے مسائل اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ذرئع ابلاغ کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستانی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کی جلد تعمیر پر زور دیا۔  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابل میں ہونے والے دوسرے سہ رکنی پاکستان، چین افغانستان مذاکرات میں اپنی شرکت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور سیاسی استحکام کے لیے چین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بہترین اور دیرپا نتائج کے حصول کے لیے سی پیک منصوبوں کے معاشرتی اور اقتصادی پہلووں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
دوسری جانب ملاقات میں چینی معاون وزیر خارجہ نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کی معاشی و معاشرتی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے پر عزم ہیں۔
 

شیئر: