Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میڈیکل لیبارٹریز میں تفتیشی مہم شروع ، پہلے دن 579 خلاف ورزیاں درج

ریاض۔۔۔ وزارت صحت کی تفتیشی مہم کے دوران 579 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ۔ تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف علاقوں میں 206 لیبارٹریوں کادورہ کیا جہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا ۔ عاجل ویب نیوز کے مطابق وزارت صحت نے خلاف ورزیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت کے تمام شہروں میں تفتیشی مہم کا آغاز سے قبل تمام صحت مراکز ، لیبارٹریز اور صحت عامہ سے متعلق اداروں کو مطلوبہ معیار کے بارے میں مطلع کر کے انہیں ڈیڈ لائن سے بھی آگاہ کر دیا گیا تھا ۔ وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل لیبارٹریز کے لئے مرتب قواعد پر عمل کرنا لازمی ہے جس کا بنیادی مقصد صحت عامہ کو برقرار رکھنا اور بہترین ماحول فراہم کرنا ہے ۔ مقررہ قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانے کے علاوہ ذمہ دار افراد کو قید کی سزا بھی دی جائے گی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر ذمہ دار کو 6 ماہ تک قید اور ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے علاوہ ازیں لیبارٹر ی کا لائسنس بھی 2 برس کےلئے معطل کردیاجائے گا ۔ لیبارٹریز میں جن امور کی سختی سے پڑتا ل کی جاتی ہے ان میں صفائی کا خیال نہ رکھنا ، متعدی بیماریوں کی تشخیص میں غفلت برتنا ، لیبارٹری میں استعمال ہونے والے صفائی کی مخصوص اشیاءیا فاضل نمونوں کو مناسب طریقے سے تلف نہ کرنا انتہائی سنگین خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے جس پر سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے ۔ لیبارٹری کا لائسنس ختم ہونا بھی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے ، مقررہ شعبے جس کا لائسنس لیبارٹری کو جاری کیا گیا ہو اس کے علاوہ اضافی شعبوں میں کام کرنا جس کی اجازت نہ دی گئی ہو۔ مذکورہ خلاف ورزیوں کے حوالے سے وزارت صحت نے مملکت کی سطح پر تفتیشی مہم کا آغاز کیا ہوا ہے جس پرپہلے روز ہی مملکت کے مختلف شہروں میں 206 لیبارٹریز کا معائنہ کیا گیا جہاں 597خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ۔ وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر صحت نے تمام ذیلی اور ریجنل کے اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ہر صورت میں تفتیشی مہم کو کامیاب بنائیں تاکہ طبی اداروں میں خلاف ورزیوں کا خاتمہ کیاجاسکے ۔ 

شیئر: