سندھ، عالمی یتیم خانہ؟
جمعرات 20 دسمبر 2018 3:00
کراچی ...سندھ ہائیکورٹ نے ازبک شہری کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نادرا، ایف آئی اے اور دیگر سے جواب طلب کرلیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے کہا کہ سندھ کو اداروں نے عالمی یتیم خانہ بنادیا ۔ افغان ، ازبک، ویت نام، میانمارجانے کہاں کہاں سے آکر لوگ سندھ میں آباد ہوگئے۔ اداروں کی نااہلی سے غیرملکیوں کو قومی شناختی کارڈ بھی جاری کرد ئیے جاتے ہیں۔عدالت نے چیئرمین نادرا، ایف آئی اے اور دیگر سے جواب طلب کرلیا۔عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کتنے غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری ہو چکے۔ ضلع ٹھٹھہ میں کتنے غیرملکی آباد ہیں ۔تفصیلات پیش کی جائیں۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ درخواست گزار عبدالحئی ازبک شہری ہے۔عبدالحئی کے کچھ رشتے دار مستونگ دھماکے میں بھی ملوث ہیں۔مشکوک صورتحال سے عبدالحئی کانام پولیس نے فورتھ شیڈول میں شامل کیا۔ درخواست گزار عبدا لحئی نے کہا کہ کافی عرصے سے دھابیجی کے قریب فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہوں فورتھ شیڈول سے نام خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔