انسان کی تشکیل اور دہشتگردی کی بیخ کنی
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
سعودی عرب بار بار اس امر کی تاکید کررہا ہے کہ دہشتگردی کا انسداد اس کی اٹوٹ پالیسی ہے۔ سعودی عرب کو یقین ہے کہ دہشتگردی کی بیخ کنی ،سعودی شہریوں کی تشکیل، انکے ذہن و دماغ کو جِلا دینے اور نئے مستقبل کی تیاری کے بغیر کامیابی اسکا نصیب نہیں بنے گی۔مشرقی ریجن کی میونسپلٹی نے العوامیہ کے مرکزی علاقے کو جدید خطوط پر استوار کرکے پوری دنیا کو یہی پی غام دیا ہے کہ عزم محکم ، عمل پیہم اور ملک و قوم و ملت سے مسلسل محبت کے بل پر بڑے سے بڑا بحران ٹالا جاسکتا ہے۔ سعودی عرب نے العوامیہ کے وسطی علاقے میں دہشتگردی کے اڈے کو سعودی وژن 2030 کے آئینہ دار تمدنی مرکز میں تبدیل کردیا۔
العوامیہ کا مرکزی علاقہ سعودی وژن 2030کا آئینہ دار نظرآرہا ہے۔ سعودی حکومت نے ایک دوسرے میں گھسے ہوئے پرانے غیر آباد مکانات اور تنگ گلیوں کو عصر حاضر کی جملہ سہولتوں سے آراستہ شہر میں تبدیل کردیا۔ اسکا نقشہ جدید و قدیم کا حسین امتزاج نظر آرہا ہے ۔یہاں اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ العوامیہ کے مرکزی علاقے کو جدید تر بنانے سے قبل یہاں کے باشندوں کو شعور و آگہی کا امین بنادیا جائے۔ یہاں 180ہزار مربع میٹر کے رقبے پر ایک لائبریری، ایک کانفرنس ہال اور ایک نمائش گاہ بنائی گئی ہے۔ 6تاریخی ورثے کے ٹاور تعمیر کئے گئے ہیں۔ یہ ٹاور خطے کے فن تعمیر کی تاریخ کے آئینہ دار ہیں اور یہاں آنے والوں کو یہاں کی پوری تاریخ ایک نظر میں پیش کررہے ہیں۔
العوامیہ کے وسطی علاقے کی تعمیر نو کا منصوبہ اس بات کا روشن ثبوت ہے کہ سعودی عرب تعمیر و ترقی کا علمبردار ملک ہے۔ یہ عدل و انصاف پھیلانے والی ریاست ہے۔ یہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭