Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت:15سال کے بچوں کی شادی ممنوع

ریاض۔۔۔ سعودی مجلس شوریٰ نے 15برس سے کم عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادی پر پابندی عائدکردی جبکہ 18برس سے کم عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادی کو خصوصی عدالت کی منظوری سے مشروط کردیا۔ یہ فیصلہ بدھ کو صدر شوریٰ شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔معاون صدر شوریٰ ڈاکٹر یحیی ٰ الصمعان نے بدھ کو اجلاس کے بعدصحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ شوریٰ نے اسلامی و عدالتی امور کی کمیٹی کا نقطہ نظر سننے کے بعد ہی مذکورہ فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی نے ارکان شوریٰ کے اعتراضات اور خیالات سے مطلع ہونے کے بعد اپنی رپورٹ دیدی تھی۔ طے کیا گیا ہے کہ اگر 18برس سے کم عمر کا کوئی لڑکا یا لڑکی شادی کرنا چاہے تو ایسی صورت میں عام نکاح خواں انکا نکاح نہیں پڑھائیگا بلکہ خصوصی عدالت یا اس حوالے سے طے شدہ ضوابط کے مطابق قائم مقام ہی یہ کام انجام دے گا۔ 18برس سے کم عمر کے لڑکے اور لڑکی کی شادی صرف خصوصی عدالت یا اسکا قائم مقام ہی کرسکے گا۔ شوریٰ نے یہ پابندی بھی عائد کردی کہ 15برس سے کم عمر کے لڑکے اور لڑکی کی شادی نہیں ہوگی۔مملکت بھر میں ایک عرصے سے کمسنی کی شادی پر بحث چل رہی تھی۔ یہ عوامی بیٹھکوں کا بھی مسئلہ تھا اور ذرائع ابلاغ بھی کالم نگار اس پر اظہار خیال کررہے تھے۔

شیئر: