Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کر دیا

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے چوتھے دن107رنز سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کو0-3سے کلین سویپ کردیا ۔ تیسرے ٹیسٹ میں فتح کیلئے381رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں273رنز بناکر آوٹ ہوگئی ۔ اسد شفیق 65 اور شاداب خان 47 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ ڈان اولیویئر اور کاگیسوربادا نے 3،3 جبکہ ڈیل اسٹین نے 2 وکٹیں لیں ۔میچ میں129رنز بناتے ہوئے سنچری اسکور کرنے والے وکٹ کیپرکوئنٹن ڈی کوک کومین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں 24 وکٹیں لینے پر ڈوان اولیویئر کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔کھیل کے چوتھے دن پاکستانی ٹیم نے 153 رنز 3 کھلاڑی آوٹ سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو میچ جیتنے کیلئے مزید 228رنز کی ضرورت تھی ۔اسد شفیق 48اور بابر اعظم 17رنز کے ساتھ کھیلنے آئے لیکن پاکستانی ٹیم کو دوسرے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب بابر اعظم انفرادی اسکور میں4رنز کے اضافے کے بعد اولیویئر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔ ان کی جگہ آنے والے کپتان سرفراز احمد پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے تو پاکستانی بیٹنگ لائن مزید دباو میں آگئی۔ سینئیر بیٹسمین اسد شفیق نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 65رنز پر سلپ میں کیچ آوٹ ہو گئے۔اس کے بعد کاگیسو ربادا نے فہیم اشرف کو آوٹ کردیا، انہوں نے 15 رنز بنائے۔ آٹھویں آوٹ ہونے والے محمد عامر تھے انھیں بھی ربادا کی گیند پر مارکرم نے ہی کیچ کیا۔عامر نے4 رنز بنائے ۔ حسن علی نے قدرے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک چھکے اور 2چوکوں کی مدد سے 22رنز بنائے لیکن وکٹ پر نہیں ٹھہر سکے۔شاداب خان نے اپنی سی کوشش کی اور اننگز کو آگے بڑھایا لیکن9رنز پر کھیلنے والے محمد عباس اپنی غلطی سے رن آوٹ ہو ئے تو پاکستان کی دوسری اننگز 273رنز پر سمٹ گئی۔ شاداب خان 47رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے اور پاکستان سیریز کا تیسرا میچ 107رنز سے ہار کر سیریز میںکلین سویپ ہو گیا ۔سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی جبکہ کیپ ٹاون ٹیسٹ میں پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر جنوبی افریقہ نے سیریز بھی جیت لی تھی۔اب دونوں ٹیمیں 5ون ڈے میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: