Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچے کے گلے تک آنیوالے پھیپھڑے کا کامیاب آپریشن

لکھنؤ۔۔۔  2ماہ کے بچے کا بایاں پھیپھڑا پیدائشی طور پر گلے تک بڑھا ہوا تھا۔ دل بھی بائیں سے دائیں جانب تھاجس کی وجہ سے اکثر سینے میں انفیکشن اور سانس کی تکلیف میں مبتلا رہنے لگا۔لکھنؤ میںکنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی( کے جی ایم یو )کےماہر امراض اطفال ڈاکٹر اشیش واکھلو اور انکی ٹیم نےکامیاب آپریشن کرکے بچے کی صحت بحال کردی۔ڈاکٹر اشیش نے بتایاکہ2ماہ قبل آرین کی پیدائش یو پی کے شہر بہرائچ کے رہنے والے خاندان میں ہوئی تھی۔گھر والوں نے بتایا کہ بچہ کھانسی اور سانس کے مرض میں مبتلا رہتا ہے۔ڈاکٹر اشیش نے بچے کا ایکسرے کروایا جس سے پتہ چلا کہ آرین کا بایاں پھیپھڑا گلے تک بڑھا ہوا ہے ۔ تلی اور چھوٹی آنت بھی پیٹ کی بجائے سینے میں پھنسی ہوئی ہے۔ پھیپھڑا اوپر ہونے کی وجہ سے دل بھی دائیں جانب چلا گیا اور دوسرا پھیپھڑا بھی متاثر ہورہا ہے۔ڈاکٹراشیش نے بتایا کہ اس بیماری کو’’ انوینٹریشن ڈائیفرام‘‘ کہا جاتا ہے۔ڈاکٹر اشیش نے بتایا کہ اس قسم کے آپریشن میں بڑی دشواری پیش آتی ہے۔ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے علاوہ دیگر مقامات پر پیٹ چیرکرآپریشن کیا جاتا ہے لیکن کے جی ایم یو میں تھوریکواسکو پ ٹیکنالوجی سے آپریشن کیا جاتا ہے۔ اس کیلئے سینے میں 3سوراخ کرکے دوربین کے ذریعے آپریشن مکمل کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 45منٹ کے آپریشن کے دوران ڈائفرام کو نیچے کی جانب دھکیل کر ٹانکا لگایا گیا۔بعد ازاں پھیپھڑے ، آنت اور دل اپنی مقررہ جگہ پر آگئے۔کے جی ایم یو میں اس آپریشن پر 14ہزار روپے خرچ ہوئے جبکہ نجی اسپتالوں میں اس آپریشن پر 50ہزار روپے سے زائد خرچ ہوتے ہیں۔ ڈاکٹراشیش نے بتایا کہ اس قسم کی دشواریاں 3ہزار میں سے ایک بچے کوپیش آتی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - - -نفرت انگیز بیانات دینے والوں کو نذرآتش کردیا جائے،راج بھر

شیئر: