عمران خان اکیلے مجرم نہیں، انہیں لانے والے بھی مجرم تھے: نواز شریف
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو جو طاقتیں اقتدار میں لے کر آئیں وہ بھی برابر کی ذمہ دار ہیں اور ان کا بھی حساب ہونا چاہیے۔
بدھ کو لاہور میں ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان اکیلا مجرم نہیں تھا بلکہ اس کو لانے والے بھی اس سے بڑے مجرم تھے۔‘
’2018 سے 2022 تک ملک میں کیا ہوتا رہا پاکستان میں؟ اس کی ساری ذمہ داری ان کے سر ہے، ہمارے سر نہیں۔ یہ کرکٹ کھیلنے آئے تھے اور کرکٹ ہی کھیلتے رہے یہاں پانچ سال۔ چھوٹے بڑے کا احترام ختم کر دیا۔‘
نواز شریف نے کہا کہ ’ملک و قوم کا دیوالیہ نکال دیا، خارجہ امور کا دیوالیہ نکال دیا۔ میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں، ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا تھا۔ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج دنیا میں ہمارا ایک مقام ہوتا۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’نفرت، گالی گلوچ، منافقت، بدتمیزی، بدتہذیبی، دنگا فساد اور فتنے کو بری طرح سے شکست ہوئی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ دور حکومت میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، ملک میں صرف تباہی آئی، بدتہذیبی کا کلچر عام کیا گیا۔‘
نواز شریف نے پی ٹی آئی کے الیکشن بائیکاٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے کہا تھا کہ ہم الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے، سارا بائیکاٹ آپ کے سامنے ہے۔ یہ کیسا بائیکاٹ ہے جس میں ایوب خان کی بہو اور عمر ایوب کی بیوی الیکشن رہی تھیں اور یہ کہتے ہیں کہ بائیکاٹ ہے۔‘
واضح رہے کہ اتوار کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کی تمام 6 اور صوبائی اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستیں حاصل کیں۔
