گزشتہ ماہ 13 ملین سے زائد مرتبہ عمرہ ادا کیا گیا
’بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے‘ ( فوٹو:سبق)
وزارتِ حج و عمرہ اور حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ جمادی الاول میں زائرین کی جانب سے 13.9 ملین سے زائد مرتبہ عمرہ ادا کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے کل زائرین کی تعداد ہے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’یہ اعداد و شمار عمرہ کی ادائیگی کی بڑھتی ہوئی رفتار اور عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات و سہولیات کی کارکردگی کو ظاہر کرتے ہیں‘۔
انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ’جمادی الاول کے دوران بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جو مختلف اسلامی اور غیر اسلامی ممالک آئے ہیں۔
’یہ اس بات کی تصدیق ہے کہ ڈیجیٹل سہولیات اور مربوط لاجسٹک خدمات نے آمد و رفت اور مناسک کی ادائیگی کو آسان بنایا ہے‘۔
عمرہ کی ادائیگی کے اعداد و شمار میں یہ اضافہ سعودی عرب کی جانب سے جاری حج و عمرہ اور زیارت کے نظام کی ترقی کی کوششوں کے ضمن میں آتا ہے اور یہ 2030 کے وژن کے اہداف کے حصول کی طرف ایک قدم ہے جس کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے حرمین شریفین تک آسان رسائی اور مکمل روحانی تجربہ فراہم کیا جاتا ہے۔